پاکستان کی زلزلے سے متاثرہ انڈونیشیا کو تعاون کی پیشکش

 

اسلام آباد: پاکستان نے زلزلہ سے متاثرہ انڈونیشیا کو ہرممکن تعاون اور امداد کی پیشکش کی ہے۔این ڈی ایم اےکے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل عمر محمود حیات نے پاکستان میں تعینات انڈونیشیا کے سفیر آئیوان سیودھی امری سے ملاقات کے دوران تعاون کی پیش کش کی۔

 

آئیوان سیودھی نے انڈونیشیا کی طرف سے حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ مشکل وقت میں پاکستان کی اس پیشکش کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور بوقت ضرورت پاکستان کو امداد کے حوالے سے آگاہ کریں گے۔

 

اتوارکی شب انڈونیشیا کے جزیرہ لمبوک میں 6.9 شدت کے زلزلہ کی وجہ سے 100 افراد جاں بحق اور 250 کے قریب زخمی ہوئے جبکہ ہزاروں بے گھر ہوگئے تھے، زلزلے کے جھٹکے قریبی جزیرے بالی میں بھی محسوس کیے گئے تھے۔