ملتان: پنجاب کے شہر ملتان میں استاد کے مبینہ تشدد سے بچی جاں بحق ہوگئی، اہلخانہ نشتر روڈ پر لاش رکھ کر سراپا احتجاج ہیں۔
اطلاعات کے مطابق ملتان کے علاقے قادرپورراں میں استاد کے مبینہ تشدد کے باعث بچی کا نچلا دھڑ مفلوج ہوگیا تھا۔ جس کے باعث اہلخانہ نے بچی کو نشتراسپتال میں داخل کرایا جہاں بچی زیر علاج تھی۔
پولیس نے واقعہ کے بعد بچی پر تشدد کرنے والے استاد کو گرفتار کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔ متاثرہ بچی ماہ نور کے اہل خانہ کے مطابق بچی پر استاد کی جانب سے تشدد کیا گیا تھا جبکہ نشتر اسپتال انتظامیہ کی غفلت کے باعث ماہ نور دم توڑ گئی۔
ڈاکٹرز کی مبینہ غفلت سے بچی کی ہلاکت پر ورثا نے نشتر روڈ پر بچی کی لاش رکھ کر احتجاج کیا۔ متاثرہ بچی کے اہلخانہ نے چیف جسٹس پاکستان سے واقعہ کا نوٹس لینے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔