کراچی: سندھ ہائی کورٹ میں عسکری پارک نہ کھولنے اور پارک انتظامیہ کو عسکری کا لفظ ہٹانے کی درخواست دائر کردی گئی ہے۔
درخواست گزار احمد زمان اور شاہ زمان خان نے سندھ حکومت، کمشنر کراچی، میئر کراچی، ڈی جی رینجرز اور دیگر کو فریق بناتے ہوئے کہا کہ کمرشل پارک کے ساتھ لفظ عسکری لگانا غیر قانونی ہے۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ پارک متعلقہ حکام کی بغیر منظوری کے چلایا جا رہا ہے۔ انتظامیہ نے بغیر منظوری کے چین سے خطرناک جھولے منگوائے اور انہیں لگانے سے متعلق کسی ضابطے پر عمل نہیں کیا گیا جبکہ مئیر کراچی پارکوں کی انسپکشن سے متعلق ذمہ داریاں ادا کرنے میں ناکام رہے ہیں۔
درخواست گزار نے کہا کہ پارکوں میں مفت داخلہ کی ہدایت دی جائے، مکمل معائنہ اور تحقیقات تک عسکری پارک نہ کھولا جائے اور پارک انتظامیہ کو عسکری کا لفظ ہٹانے کی ہدایت دی جائے۔