کراچی: سندھ ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کو این اے 249 کراچی سے کامیاب پی ٹی آئی امیدوار فیصل واوڈا کی کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری کرنے سے روک دیا۔
تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے صدر اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی جانب سے این اے 249کراچی کے انتخابی نتائج سندھ ہائیکورٹ میں چیلنج کیے گئے۔
صدر مسلم لیگ (ن) کی جانب سے درخواست میں موقف اپنایا گیا تھا کہ ووٹوں کی گنتی میں شدید بےقاعدگیاں ہوئی ہیں اور انہی بے ضابطگیوں کے باعث پی ٹی آئی کے فیصل واوڈا کامیاب ہوئے ہیں لہذا ووٹوں کی دوبارہ گنتی کاحکم دیا جائے۔
سندھ ہائیکورٹ نے آج درخواست پر سماعت کرتے ہوئے الیکشن کمیشن کو این اے 249 کراچی سے پی ٹی آئی امیدوار فیصل واوڈا کی کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری کرنے سے روک دیا۔
دوسری جانب عدالت عالیہ نے الیکشن کمیشن اور دیگر فریقین سے 10 اگست تک جواب طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔
واضح رہے کہ این اے 249 کراچی سے سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف پی ٹی آئی کے امیدوار فیصل واوڈا سے ہار گئے تھے۔ اس حلقے سے فیصل واوڈا 35344 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے تھے جبکہ شہباز شریف 34626 ووٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے تھے۔شہباز شریف نے این اے 249 کراچی میں 700 سے زائد ووٹوں کے فرق سے ہارنے پر دوبارہ گنتی کی درخواست دی تھی جسے ریٹرنگ افسر نے مسترد کردیا تھا۔