الیکشن کمیشن نےنومنتخب ارکان اسمبلی کی کامیابی کےنوٹیفکیشن جاری کردیئے

اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے نومنتخب ارکان اسمبلی کی کامیابی کے نوٹیفکیشن جاری کردیے،جبکہ ان تمام 16 ارکین کے نوٹیفکیشن جاری نہیں کیے گئے جن کے نوٹیفکیشن عدالتوں کی جانب روکے گئے تھے۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری ایک اعلامیے کے مطابق امیدواروں کی کامیابی کے تمام نوٹیفکیشن الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ پر جاری کیے گئے ہیں۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے2 حلقوںاین اے 53 اور این اے 131 سے کامیابی کے نوٹیفکیشن روک دیےہیں۔
ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق این اے 53 سے عمران خان کی کامیابی کا نوٹیفیکیشن ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر روکا گیا ۔
این اے 131 میں مسلم لیگ (ن) کے سعد رفیق کی جانب سے دوبارہ گنتی کی درخواست کا فیصلہ آنے تک روکا گیا ہے۔ عمران خان کی تین حلقوں سے کامیابی کے مشروط نوٹیفکیشن جاری کردیئے گئے ہیں۔
ترجمان کے مطابق عدالتی فیصلوں کے باعث جن  16 حلقوں میں دیگر امیدواروں کی کامیابی کے نوٹیفکیشن روکے گئے ان میں این اے 23، این اے 90 ، این اے 91 ، این اے 106، این اے 108، این اے 112، این اے 140،این اے 215،این اے 230،این اے 239 بھی شامل ہیں۔ ان حلقوں میں خواجہ آصف اور رانا ثناء اللہ کی کامیابی کے نوٹیفکیشن بھی شامل ہیں۔
خیال رہے کہ شیڈول کے مطابق 4 اگست تک انتخابی اخراجات کی تفصیلات موصول ہونے کے بعد امیدواروں کی کامیابی کے نوٹیفکیشن جاری کیے گئے، کامیاب امیدواروں کے نوٹیفکیشن کے بعد آزاد امیدواروں کو 3 دن کے اندر کسی بھی سیاسی جماعت کا حصہ بننا ہوگا۔8 اگست کو خواتین اور اقلیتوں کی مخصوص نشستوں پر امیدواروں کی کامیابی کا نوٹیفکیشن جبکہ9 اگست تک قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے تمام کامیاب امیدواروں کے نوٹیفکیشن جاری کردیئےجائیں گے۔بعدازاں صدر پاکستان قومی اور چاروں صوبوں کے گورنر صوبائی اسمبلیوں کے اجلاس طلب کریں گےپہلے اجلاس میں منتخب اراکین خود حلف اٹھانےکے علاوہ اسپیکر، ڈپٹی اسپیکر اور قائد ایوان (وزیراعظم) کا چناؤ بھی کریں گے۔