کل احتجاج پی ٹی آئی کےنہیں بلکہ انتخابی عمل کیخلاف کریں گے،کائرہ

لاہور: پیپلز پارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ نے کہاکہ کل احتجاج تحریک انصاف یا ان کی اتحادی جماعتوں کے خلاف نہیں بلکہ الیکشن کمیشن اور انتخابی عمل کیخلاف کیا جارہاہے ۔

انہوں نے کہاکہ کل ہم خیال سیاسی جماعتیں دھاندلی کے خلاف پرامن احتجاج کریں گی ۔قمر زمان کائرہ نے کہاکہ آصف زرداری اور بلاول بھٹو زرداری اس احتجاج میں شائد شریک نہ ہوں کیونکہ ہم نے سندھ میں حکومت بنانی ہے اور اس پر کام کیا جارہاہے ۔

نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتےہوئے قمر زمان کائرہ کاکہناتھاکہ آج عمران خان کی کامیابی کا نوٹیفکیشن روک لیا گیاہے جس پر تحریک انصاف کی جانب سے تحفظات کا اظہار کیا جارہاہے ۔

انہوں نے کہا کہ یہ احتجاج ایک ٹوکن ہے ، یہ معاملہ ابھی آگے چلے گا ۔ ہم خیال جماعتوں کا کوئی اتحاد نہیں ہے بلکہ یہ ایک مفاہمت ہے جس میں اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ ساتھ حکومت کی اتحادی جماعتیں بھی موجود ہیں اور سب الیکشن میں دھاندلی پر اپنے تحفظات کا اظہار کررہے ہیں۔