الیکشن کمیشن کے صوبائی ہیڈ کوارٹرز پر احتجاج زیر غورہے :رانا تنویر حسین

 

لاہور:مسلم لیگ ن کے رہنما رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ انتخابات میں دھاندلی کیخلاف الیکشن کمیشن کے چاروں صوبائی ہیڈ کوارٹرز کے باہر احتجاج کے بارے میں غور کررہے ہیں،انتخابات میں مسلم لیگ ن کو ٹارگٹ کیا گیا ۔

 

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا تنویر حسین نے کہا کہ پیپلزپارٹی اور ایم ایم اے دھاندلی کے خلاف (ن) لیگ کے ساتھ کھڑی ہے، آج اسلام آباد میں الیکشن کمیشن آفس کے باہر ایک بجے دوپہر تمام سیاسی جماعتیں دھاندلی کے خلاف بھرپور احتجاج کریں گی، (ن) لیگی تمام امیدواروں کو اسلام آباد پہنچنے کی ہدایت کر دی گئی ہے، احتجاج میں صرف ٹکٹ ہولڈر شامل ہونگے کارکن نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پورے پاکستان میں دھاندلی ہوئی ہے اور مسلم لیگ (ن) ٹارگٹ تھی،بعض حلقے ایسے ہیں جنہیں فوکس کیا گیا ،خلائی مخلوق کا مجھے نہیں پتہ مگر کچھ قوتیں تھیں جنہوں نے یہ سارا پلان بنایا۔

 

انہوں نے کہا کہ گزشتہ5سال پاکستان کی بے تحاشا خدمت کی ہے ،نہ جانے کیوں کچھ قوتیں ہمارے پیچھے پڑ گئی ہیں؟ لاہور میں احتجاج کے حوالے سے ابھی تک فیصلہ نہیں ہوا تاہم الیکشن کمیشن کے چاروں صوبائی ہیڈ کوارٹرز کے باہر احتجاج کا بھی سوچ رہے ہیں۔