ہوسکتا ہے کہ ہم مستعفی ہو کر اسمبلیوں سے باہر آجائیں ۔ رانا ثنا

 

لاہور :مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثنا اللہ نے کہاہے کہ آزاد امیدواروں پر دباؤ ڈال کر تحریک انصاف میں شامل کرایا جارہا ہے ۔ اس لئے ہوسکتا ہے کہ ہم مستعفی ہو کر اسمبلیوں سے باہر آجائیں ۔نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہاہے ووٹ کی عزت کوجس طرح پامال کیا گیاہے، ہر وہ قدم اٹھایا جانا چاہئے جس سے ووٹ کی عزت بحال ہو۔انہوں نے کہا کہ ہم ایم ایم اے کے سامنے یہ بات رکھ رہے ہیں کہ پہلے دن سے انتہا کا طریقہ کار اختیار نہ کریں۔ پہلے پارلیمنٹ میں جانا چاہئے اور اگر وہاں نہ سنی جائے تو پھر پارلیمنٹ کے باہر احتجاج کرنا چاہئے ۔ اس حوالے سے مسلم لیگ ن میں اس پر اتفاق رائے موجود ہے کہ ترتیب کے ساتھ تمام اقدامات کئے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ احتجاج کے دوران ہم اس کا خیال رکھیں گے کہ ملک کا نقصان نہ ہو ۔

 

انہوں نے کہا کہ اگر ووٹ کو بے توقیر کیا جاتا رہے گا تو پھر نتیجے میں اس طرف جایا جائے گا جس طرف ہم نہیں جانا چاہتے۔ اگر کچھ نہ ہوا تو پھر تمام راستے کھل جائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصا ف کے پیچھے جو قوتیں تھیں انہوں نے پہلے 4 حلقوں والا کام کروایا اور پھر وہ خاموشی سے تو نہیں بیٹھے ۔ پھر پاناما آیا اور اس کے بعد اقامہ اورپھر نااہلی ۔ رانا ثنااللہ نے کہاہے کہ جوڈیشل کمیشن کا کیا طریقہ کار ہو سکتا ہے؟ اس پر ہماری پارٹی میں تجاویز دی گئی ہیں۔ پرسوں میاں نوازشریف سے ڈسکس کرکے کوئی ایک بات فائنل ہو جائے گی ۔

 

انہوں نے کہا کہ نوازشریف نے ہدایت کی ہے کہ ووٹ کو عزت دو کے نعرے کو لے کر چلناہے اور دوسرے بات کہ اپوزیشن کو ساتھ لیکر چلا جائے گا کہیں ایسا نہ ہوکہ ہم آگے نکل جائیں اور اپوزیشن پیچھے رہ جائے ۔ انہوں نے کہا کہ کل یہ وقت آسکتا ہے کہ ہم پارلیمنٹ کوخیر باد کہہ کر اسمبلیوں سے باہر آجائیں ۔انہوں نے کہا کہ آزاد امیدواروں نے پر دباؤنہ ڈالا جاتا تو ان میں سے کچھ ہماری طرف آجاتے اور کچھ تحریک انصاف کی طرف چلے جاتے لیکن جو ہمارے ساتھ ہو رہاہے اس کا گلہ شکوہ ہم کہیں نہ کہیں تو کریں گے، کوئی پلیٹ فارم تو ہونا چاہئے ۔