عوام جعلی فون کالز سے ہوشیار رہیں۔اسٹیٹ بینک

 

کراچی: اسٹیٹ بینک نے عوام کو جعلی فون کالز سے ہوشیار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کھاتے دار اکاؤنٹ نمبر اور دیگر معلومات کسی کو نہ بتائیں۔

 

اسٹیٹ بینک کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق کچھ عناصر اسٹیٹ بینک کا اہلکاربن کر عوام کو جعلی فون کالز کر رہے ہیں اور کھاتے داروں سے شناختی کارڈ، بینک اکاؤنٹ نمبرز معلوم کر رہے ہیں جب کہ کوائف نہ بتانے والوں کو بینک اکاؤنٹس بند یا منجمد کرنے کی دھمکیاں دی جارہی ہیں۔

اسٹیٹ بینک نے کہا ہے کہ ادارہ کمرشل بینکوں کے صارفین سے براہ راست رابطہ نہیں کرتا لہذا کھاتے داراکاؤنٹ نمبر اور دیگرمعلومات کسی پر ظاہر نہ کریں، عوام جعلی فون کالز کی اطلاع قانون نافذ کرنے والے اداروں کو دیں، کوائف اور معلومات کے غیر قانونی استعمال پر نقصان کی صورت میں اپنے بینک سے رابطہ کریں۔