اسلام آباد: نگراں وزیر اطلاعات علی ظفر نے کہا ہے کہ قومی اسمبلی کا اجلاس 12 سے 14 کے درمیان بلانے کے لئے سمری بھجوادی گئی ہے۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نگراں وزیر اطلاعات بیرسٹر علی ظفر کا کہنا تھا کہ قومی اسمبلی کا اجلاس بلانے کے لئے سمری ارسال کردی گئی ہے اور اجلاس 12 سے 14 اگست کے درمیان بلانے کا کہا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اجلاس میں اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب ہوگا اور پھر قائد ایوان کا انتخاب بھی کیا جائے گا۔ آئین کے تحت 15 اگست سے پہلے اجلاس بلانا لازمی ہے لیکن الیکشن کمیشن کے نوٹیفکیشن تک قومی اسمبلی کا اجلاس نہیں بلایا جاسکتا۔
بیرسٹر علی ظفر کا کہنا تھا کہ انتخابات کا انعقاد ہمارا اصل کام تھا اور یہ ذمہ داری ہم نے پوری کردی ہے۔ اب معمولات آنے والی حکومت سنبھالے گی اور ہم اپنی ذمہ داریوں سے سبکدوش ہو جائیں گے۔
ایک سوال کے جواب میں بیرسٹر علی ظفر نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے مطابق نتائج میں تاخیر سسٹم کا نقص تھا تاہم تحقیقات سے آر ٹی ایس سسٹم کا نقص پتا چلا جائے گا۔