کراچی: پیرس سے اسلام آباد آنے والی قومی ایئرلائن کی پرواز میں اے سی سسٹم بند ہونے سے نومولود بچہ بے ہوش ہوگیا۔
اطلاعات کے مطابق پیرس ایئر پورٹ پر اسلام آباد آنے والی پرواز پی کے 750 میں روانگی کے وقت اے سی سسٹم میں خرابی ہوگئی۔ جہاز کے دروازے بند کردیئے گئے۔ طیارے میں حبس اور گرمی کی وجہ سے ایک نومولود بچہ بے ہوش ہوگیا۔
بچے کے بے ہوش ہونے پر بچے کی ماں چیخنے چلانے لگی۔ خاتون کی جانب سے بار بار دروازہ کھلوانے کی التجا کی گئی۔ پی آئی اے کا عملہ تماشا دیکھتا رہا اور جہازکے دروازے نہیں کھولے گئے۔
اس حوالے سے ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ پی آئی اے کی کسی بھی بین الاقوامی فلائٹ پراس نوعیت کا واقعہ رپورٹ نہیں ہوا۔
دوسری جانب قومی ائیرلائن کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) نے واقعے کا نوٹس لے کر تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔
پی آئی اے کی جانب سے طیارے کے کپتان کو واقعے کی وضاحت کے لئے نوٹس جاری کردیا گیا ہے جبکہ پیرس ائیر پورٹ پر پی آئی اے کےگراؤنڈ ہینڈلنگ عملے سے بھی وضاحت طلب کی گئی ہے۔