اسلام آباد: تحریک انصاف کے چیئرمین اور نامزد وزیراعظم عمران خان نے پنجاب ہاؤس میں وزیراعلیٰ کی اینکسی میں رہنے کا فیصلہ کیا ہے۔
وفاقی دارالحکومت میں پی ٹی آئی کے رہنما نعیم الحق نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے کے بعد عمران خان پنجاب ہاؤس میں وزیراعلیٰ کی اینکسی میں رہیں گے اور ویک اینڈ پر اپنی رہائش گاہ بنی گالہ جائیں گے۔
انہوں نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 131 کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ این اے 131 کی دوبارہ گنتی ہو تو ہمیں کوئی مسئلہ نہیں تھا۔ ہمارے پانچ لوگ گنتی کے لئے تیار تھے۔ باقی چار حلقوں کا معاملہ بھی کل تک حل ہوجائے گا جبکہ احتجاج کرنے والے چاہیں تو ہماری حکومت تعاون کرنے کو تیار ہے۔
نعیم الحق کا کہنا تھاکہ الیکشن کمیشن کا نظام انتہائی ناقص ہے، اس میں تبدیلی کی ضرورت ہے ہم اسے بہتر بنائیں گے تاکہ انتخابات آسان طریقے سے ہوں اور کسی کو شکایت نہ ہو۔