اسلام آباد: سینیٹ کمیٹی برائے داخلہ نے الیکشن میں دھاندلی اور آر ٹی ایس سسٹم کی خرابی کی تحقیقات کرانے کا اعلان کیا ہے۔
سینیٹر رحمان ملک کی صدارت میں سینیٹ کی داخلہ کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں کمیٹی نے تمام ہوم سیکریٹریز کو الیکشن کے بعد بیلٹ پیپرز کوڑے سے برآمد ہونے کے معاملے کی تحقیقات کی ہدایات دیں ، اس کے علاوہ کمیٹی نے الیکشن میں دھاندلی اورآرٹی ایس سسٹم کی خرابی کی تحقیقات کرانے کا بھی اعلان کرتے ہوئے کہا کہ جس انگوٹھے سے ہم لیڈر منتخب کرتے ہیں اس کا بیلٹ کچرے سے ملتا ہے، دھاندلی کی شکایات اور آر ٹی ایس سسٹم کی خرابی کی تحقیقات پارلیمانی کمیٹی سے کرائی جائے گی۔
اجلاس میں کمیٹی نے ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ نئی قومی اسمبلی کے اسپیکر پارلیمانی کمیٹی کا اعلان کریں گے، اس موقع پر رحمان ملک نے کہا کہ 20 اگست کو کمیٹی اجلاس میں نادرا آر ٹی ایس سسٹم کی خرابی پر بریفنگ دے، سینیٹر چوہدری تنویر نے کہا کہ نادرا بتائے کہ ایک ووٹ کا فرانزک کرانے پر کتنا خرچہ آئے گا۔
اجلاس کے دوران الیکشن کمیشن حکام نے کمیٹی کو بتایا کہ آر ٹی ایس آر اوز کے لیے بنایا گیا تھا، آر اوز نے آر ٹی ایس کے ذریعے نتائج واٹس ایپ کرنا تھے جبکہ دوسرا سسٹم رزلٹ مینجمنٹ سسٹم تھا جو آر اوز کے دفتر میں نصب کیا گیا تھا، آر ایم ایس ڈیجیٹل تھا جو انٹرنیٹ کے ذریعے رزلٹ بھیج رہا تھا۔
نگراں وزیرداخلہ اعظم خان نے کمیٹی کو بتایا کہ الیکشن کمیشن کو مکمل تعاون فراہم کیا، الیکشن کے روزمیں نے خود سیکیورٹی انتظامات کی مانیٹرنگ کی۔