عمران خان جھرلو وزیراعظم ہوں گے،سعد رفیق

لاہور: مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ سعد رفیق کا کہنا ہے کہ دوبارہ گنتی رُکوانے سے واضح ہوگیا کہ دال میں کالا نہیں بلکہ ساری دال ہی کالی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان جھرلو وزیراعظم ہونگے اور ان کی حکومت جبر اور دھاندلی کی پیداوار ہوگی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر مسلم لیگ (ن) کے امیدوار خواجہ سعد رفیق کا گنتی رکوانے کی درخواست پر ردعمل میں کہنا ہے کہ عمران خان کی دوبارہ گنتی رُکوانے کی بھاگ دوڑ تھوک کر چاٹنے کے مترادف ہے۔
انہوں نے کہا کہ دوبارہ گنتی رُکوانے سے واضح ہوگیا کہ دال میں کالا نہیں بلکہ ساری دال ہی کالی ہے، عمران جھرلو وزیراعظم اور ان کی حکومت جبر اور دھاندلی کی پیداوار ہوگی۔
سعد رفیق کا کہنا تھا کہ عمران کو 680 ووٹوں سے جیتا ہوا بتایا گیا تھا لیکن 2835 مسترد ووٹوں اور صرف 5 پولنگ اسٹیشنز کی دوبارہ گنتی میں عمران کے 117 ووٹ کم ہوچکے۔
ن لیگی رہنما نے کہا کہ الیکشن ایکٹ 2017 کو مکمل نظرانداز کردیا گیا ہے اور مجھے نئے قانون کے مطابق دوبارہ گنتی کے بنیادی حق سے محروم کردیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ آج سپریم کورٹ نے این اے 131 لاہور میں دوبارہ گنتی سے متعلق لاہور ہائیکورٹ کا حکم معطل کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ نتیجہ آگیا ہے، سیاسی تقاریر کا جائزہ سیاسی فورم پر لیا جائے۔