اسلام آباد :پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہاہے کہ پنجاب کے وزیراعلیٰ کیلئے ایک نیا نوجوان لارہاہوں ، نوجوان کلین ہوگا اس پر کسی قسم کا کوئی سوالیہ نشان نہیں ہو گا ۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین تحریک انصاف کی زیر صدارت پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا ،اجلاس میں پنجاب بھر سے نومنتخب اراکین پنجاب اسمبلی سمیت تحریک انصاف میں شامل ہونے والے آزاد امیدوار شریک ہوئے۔ اجلاس میں تحریک انصاف کی مرحوم رہنما سلونی بخاری کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں وزیراعلیٰ پنجاب کی تقرری اور کابینہ امور پر مشاورت ہوئی اور وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی شرکا کو پارلیمانی امور سے متعلق آگاہ کیا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا ہےکہ پنجاب کےا سکولوں اوراسپتالوں کو بہتر سے بہتر بنائیں گے،پنجاب میں ہمیں بہت سے چیلنجز کا سامنا ہے،سب تیاررہیں نیاپاکستان کاآغاز پنجاب سے ہی ہوگا ، پنجاب کے لوگ کئی دہائیوں سے مفلسی کی زندگی گزاررہے ہیں،پنجاب کے لوگوں کو ریلیف دینا ہے،پنجاب پولیس میں کے پی پولیس کے طرز کی اصلاحات لائیں گے،پنجاب پولیس کو غیر سیاسی اور خود مختار بنائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب کے وزیراعلیٰ کے لیے ایک نیا نوجوان لارہا ہوں،یہ نوجوان کلین ہوگا،اس پرکسی قسم کاکوئی سوالیہ نشان نہیں،آپ سب اس نوجوان کو سپورٹ کریں،میں جوان اور تجربہ کار کابینہ کی ٹیم لے کر آرہا ہوں۔ان کا کہناتھا کہ میرے لیے سب سے بڑا عذاب ٹکٹ دینا تھا اور ہم نے ٹکٹ دینے کے عمل کو مزید بہتر کرنا ہے، جہاں ہماری کمزوری ہےاس حلقےمیں ابھی سے کام شروع کرنا ہے۔چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ ہم نے پارٹی کو ایک ادارہ بنانا ہے، یہ کوئی عام پارٹی نہ ہو جہاں پر سفارش ہو، سب سے زیادہ ذمہ داری پنجاب والوں پر ہے۔
پی ٹی آئی چیئرمین کا کہنا تھا کہ انصاف میرٹ پر کرنا ہے، میں فیصلے میرٹ پر اور قوم کے مفاد کے لیے کروں گا، آپ نے عوام کے پیسے کو اللہ کی امانت سمجھنا ہے اور قوم کا پیسہ بچانا ہے تاکہ عوام کی فلاح پر خرچ کیا جاسکے۔