ملک کےدفاع اوراندرونی چیلنجزسےنمٹنےکیلئےتیار ہیں،سربراہ پاک بحریہ

کراچی:چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے کہا ہے کہ ہم ملک کے دفاع اور اندرونی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں، پاکستان کا بیرونی دفاع مضبوط ہے اندرونی خطرات پر بھی قابو ہے۔
کراچی میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایڈمرل ظفر محمود عباسی کا کہنا تھا کہ بحریہ میں نئی ترقی لانی ہے تو ہم سب کو مل کر آگے آنا ہوگا، الیکشن کا مرحلہ مکمل ہوا اور 2008 سے تیسرا اقتدار منتقل ہوا، آج پاکستان بہت زیادہ بہتر ہے اور آئندہ برسوں میں پاکستان ترقی کی منازل طے کرے گا جب کہ نئی حکومت کے ساتھ مل کر مزید بہتر کام کرنے کی کوشش کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ بین الاقوامی ماحول میں تبدیلی آئی ہے، ہم ملک کے دفاع اور اندرونی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں، پاکستان کا بیرونی دفاع مضبوط ہے اندرونی خطرات پر بھی قابو ہے۔
ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے کہا کہ سمندری تجارت بند ہونے سے دنیا کی تجارت کی موت ہوسکتی ہے، آبی راستوں سے دنیا کی تجارت 80 فیصد ہے جب کہ پاکستان کی تجارت 90 فیصد ہے، دنیا کی دو تہائی تیل کی ترسیل سمندر کے ذریعے عرب ممالک سے ہوتی ہے۔
سربراہ پاک بحریہ نے کہا کہ گوادرسے ہم بڑی تجارت کرسکتے ہیں، چینی جہاز نے بلوچستان میں گوادر کے اطراف سونامی کے خطرے کا سروے کیا ہے، چین نے واضح کیا کہ سونامی کا خطرہ نہیں ہے لیکن گیس کے بڑے ذخائر موجود ہیں، ہم نے معاہدہ کیا ہے کہ ان کی مشینری کے ساتھ ملکر ان ذخائر کی تلاش کریں گے، سمندری علاقوں میں تیل کے ذخائر ڈھونڈنا سب سے بڑا کام ہے تاہم امید ہے کہ ہم یہ ذخائر ڈھونڈ لیں گے۔