لاہور: صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں گزشتہ روز برکی روڈ پر پھلروان گاؤں میں 5 افراد کے قتل میں ملوث ملزمان کے نام بلیک لسٹ میں شامل کردیئے گئے ہیں۔
ڈی آئی جی انویسٹی گیشن خرم علی کے مطابق مقدمے میں نامزد ملزمان کے بیرون ملک فرار ہونے کے خدشے کے پیش نظر ڈی جی امیگریشن اینڈ پاسپورٹ کو ملزمان کے نام بلیک لسٹ میں شامل کرنے کی سفارش بھجوادی گئی۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز لاہور کے قریب پھلرواں گاؤں میں لاٹھی گروپ اور شاطر گروپ کے درمیان فائرنگ کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے 5 افراد قتل ہوگئے تھے۔ پولیس نے 5 افراد کے قتل کا مقدمہ غلام علی کی مدعیت میں درج کیا گیا، جس میں قتل اور دہشت گردی سمیت 109،148 اور 149 کی دفعات شامل کی گئی تھیں۔
مقدمے میں ملزمان افتخار، جبار، ہیرا، ذوالفقار، جہانگیر، وقار، قدیر، لیاقت علی اور رحمت علی نامزد ہیں، جو واقعے کے بعد سے فرار ہیں۔