نازیبا الفاظ کا استعمال، عمران، خٹک، ایاز صادق اور فضل الرحمان کی معافی قبول

اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے نازیبا الفاظ کے استعمال کرنے پر عمران خان، پرویز خٹک، ایاز صادق اور مولانا فضل الرحمان کی غیر مشروط معافی قبول کرلی جبکہ پرویز خٹک کی کامیابی کا نوٹیفکیشن بھی جاری کرنے کا حکم دے دیا ہے۔
چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں 4 رکنی بنچ نے عمران خان، سابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک، اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق اور مولانا فضل الرحمان کے خلاف نازیبا الفاظ کے استعمال کرنے پر ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر سماعت کی۔
ایاز صادق کے وکیل کامران مرتضیٰ نے مؤقف اختیار کیا کہ وہ اپنے مؤکل کی جانب سے دست بستہ معافی مانگتے ہیں۔
اس موقع پر چیف الیکشن کمشنر کی ہدایت پر ایاز صادق کا ویڈیو کلپ چلایا گیا، چیف الیکشن کمشنر نے ریمارکس دیئے کہ دیکھیں ایاز صادق کہہ رہے ہیں کہ الیکشن کمیشن کی اوقات کیا ہے اس پر ایاز صادق کے وکیل نے ایک بار پھرمعافی مانگی۔
پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان اور پرویز خٹک نے بھی نازیبا الفاظ کے استعمال پر الیکشن کمیشن سے معافی مانگی۔
الیکشن کمیشن نے فیصلہ سناتے ہوئے چاروں رہنماؤں کی غیر مشروط معافی قبول کرلی اور مستقبل میں ایسی زبان استعمال نہ کرنے کی ہدایت کی ہے۔
الیکشن کمیشن نے فیصلہ سنانے کے ساتھ ہی پرویز خٹک کی کامیابی کا نوٹیفکیشن بھی جاری کرنے کا حکم دے دیا ہے۔

عمران خان نے مخالفین کو گدھا کہنے کے اپنے بیان پر غیرمشروط معافی مانگ لی۔ الیکشن کمیشن نے معافی قبول کرتے ہوئے عمران خان کیخلاف انتخابی ضابطہ اخلاق کا کیس خارج کردیا۔

چیف الیکشن کمشنر نے عمران خان کی متنازع تقریرپرازخود نوٹس بھی خارج کردیا اورآئندہ الفاظ کے استعمال میں محتاط رہنے کی ہدایت کردی۔