اسلام آباد: نگراں وزیراعظم نے قومی اسمبلی کا پہلا اجلاس 13 اگست کو بلانے کی سفارش کردی ہے۔
قومی اسمبلی کا اجلاس بلانے کی سمری گزشتہ روز وزیراعظم کو بھجوائی گئی تھی اوراجلاس 12 سے 14 اگست کے درمیان بلانے کیلئے استدعا کی گئی تھی۔
نگراں وزیراعظم جسٹس (ر) ناصر الملک نے نومنتخب اسمبلی کا پہلا اجلاس 13 اگست کو بلانے کی سفارش کردی ہے جس کے لئے سمری صدر مملکت کو بھجوا دی گئی ہے۔
ذرائع کاکہنا ہے کہ وزیراعظم ہاؤس کی جانب سے بھیجی گئی سمری ایوان صدر کوموصول ہوگئی ہے اورکچھ دیر بعد اسمبلی کا اجلاس بلانے کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا جائے گا۔
قومی اسمبلی کے پہلے اجلاس میں نومنتخب اراکین حلف اٹھائیں گے جس کے بعد اسپیکراورڈپٹی اسپیکر کا چناؤ عمل میں لایا جائے گا جبکہ قائد ایوان کا انتخاب یوم آزادی کی تعطیل کے بعد ہوگا۔
دوسری جانب تحریک انصاف کے رہنما نعیم الحق نے صدرمملکت سے غیرملکی دورہ ایک دن کے لئے مؤخر کرنے کی درخواست کی ہے۔
انہوں نے کہاکہ وزیر قانون نے قومی اسمبلی کااجلاس بلانےکی سمری صدر کو بھیجی ہے اورصدر مملکت 16 اگست کو باہرجا رہے ہیں، ہم چاہتے ہیں جلد عمران خان حلف اٹھائیں۔
واضح رہے کہ آئین کے تحت نگراں حکومت کی جانب سے ہرحال میں 15 اگست تک قومی اسمبلی کا پہلا اجلاس بلایا جانا ضروری ہے۔