اسلام آباد: پیمرا نے تمام ٹی وی چینلز کوایک نوٹیفیکیشن کے ذریعے ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے مارننگ شوز اور پرائم ٹائم نشریات کے دوران ہرگھنٹے میں ایک منٹ کا ٹائم ملک میں ڈیمز تعمیر کرنے کیلئے عوام سے عطیات دینے کی اپیل کرنے کیلئے وقف کریں۔ پیمرا کے نوٹیفیکیشن کے مطابق ٹی وی چینلز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ مارننگ شوز کے علاوہ شام 7 بجے سے رات 12 بجے تک مفاد عامہ کے اس پیغام کو ہر گھنٹے کے دوران ایک منٹ کیلئے نشر کرتے رہیں۔ پیمرا کے مطابق یہ ہدایات سپریم کورٹ کے 11 جولائی 2018 کو جاری کئے گئے احکامات کی روشنی میں جاری کی گئی ہیں ۔ اس حکمنامے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ٹی وی چینلز ایسے پروگرام بھی نشر کریں جن میں ملک کی نامورشخصیات کے ذریعے عوام سے ڈیمز کی تعمیرکیلئے عطیات جمع کرانے کی ترغیب دی جائے۔ اس سلسلے میں پیمرا نے ٹی وی چینلز کی انتظامیہ سے کہا ہے کہ ڈیمز کی تعمیر کے سلسلے میں عطیات جمع کرانے کے حوالے سے پروگراموں کے بارے میں رپورٹ تین دین میں پیش کریں۔