اسلام آباد: صدر مملکت ممنون حسین نے قومی اسمبلی کا اجلاس 13 اگست کو صبح 10 بجے طلب کرلیا۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے کامیاب ارکان کے نوٹی فکیشن جاری ہونے کے بعد نگراں وزیر اعظم جسٹس (ر) ناصر الملک نے قومی اسمبلی کا پہلا اجلاس بلانے کی سمری صدر مملکت ممنون حسین کو ارسال کی تھی جس میں نئی اسمبلی کا اجلاس 13 اگست کو بلانے کی تجویز دی گئی تھی۔
صدر مملکت نے سمری منظور کرتے ہوئے قومی اسمبلی کا پہلا اجلاس13اگست کو صبح 10 بجے طلب کرلیا جس میں نومنتخب ارکان حلف اٹھائیں گے جس کے بعد اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب کا مرحلہ آئے گا۔
ادھر قائم مقام گورنر سندھ آغا سراج درانی نے اسمبلی کا اجلاس 13 اگست کو طلب کرلیا۔
سندھ اسمبلی کے اجلاس میں نو منتخب اراکین حلف اٹھائیں گے جس کے بعد اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب ہوگا جب کہ وزارت اعلیٰ کا چناؤ یوم آزادی کے بعد طلب کیے جانے والے اجلاس میں ہوگا۔
دوسری جانب خیبر پختونخوا اسمبلی کا اجلاس بھی 13 اگست کو طلب کیا گیا ہے۔