کراچی میں پولیس کی فائرنگ سے شہری زخمی

کراچی: شہر قائد کے پوش علاقے نارتھ ناظم میں مبینہ پولیس مقابلے میں شہری زخمی ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے نارتھ ناظم بلاک A میں پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان فائرنگ کے تبادلہ میں سرتاج نامی شہری کو گولی لگ گئی۔
پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ ملزمان شہری سے لوٹ مار کرکے فرار ہورہے تھے اور پولیس کودیکھتے ہی فائرنگ کردی جس سے شہری زخمی ہوگیا۔
دوسری جانب زخمی سرتاج کے کزن شاہ زمان کا کہنا ہے کہ وہ گاڑی میں جا رہے تھے کہ اس دوران 2 ڈاکوؤں کو ہوائی فائرنگ کرتے ہوئے دیکھا، شاہ زمان کا دعویٰ ہے کہ پیچھے سے آتی پولیس کی فائرنگ نے اس کے کزن کو چھلنی کر دیا۔
ذرائع کے مطابق زخمی سرتاج کو پہلے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا بعد میں نجی اسپتال منتقل کردیا ہے۔