اسلام آباد: اڈیالہ جیل میں قید مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سابق وزیراعظم نواز شریف کے داماد کیپٹن (ر) صفدر کی طبیعت ناساز ہوگئی جس کے بعد انہیں کچھ دن اسپتال میں رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز کیپٹن (ر) صفدر کی اڈیالہ جیل میں طبیعت بگڑ گئی تھی جس کے بعد انہیں پمز اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔
پمز اسپتال کے ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ کیپٹن (ر) صفدر کی طبیعت انتہائی ناساز ہونے کے باعث انہیں اسپتال میں ہی رکھا جائے گا۔ پمز اسپتال کے میڈیکل بورڈ نے کیپٹن صفدر کا طبی معائنہ کیا اور گزشتہ روز کئے گئے تمام ٹیسٹ کی رپورٹس کا بھی جائزہ لیا۔
ڈاکٹرز کے مطابق کیپٹن (ر) صفدر کے مزید ٹیسٹ لیبارٹریز کو بھجوا دیئے گئے ہیں۔ ان کے اسٹنٹ کی صورتحال معلوم کرنے کے لئے دل کی ایکو اور ای سی جی بھی کی ہے جبکہ ان کے معدے کے بھی ٹیسٹ کئے جائیں گے۔ انہیں شوگر اور معدے کا مرض بھی لاحق ہے اس لئے صفدر نے گھر سے آیا ہوا کھانا بھی نہیں کھایا بلکہ حلق خشک ہونے کے باعث صرف پانی پی رہے ہیں۔
ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ جیل میں مسلسل تین روز تک بیمار رہنے سے صفدر کے الیکٹرولائیٹس میں خرابی پیدا ہوگئی ہے۔ صفدر کو کارڈیک سینٹر کے وی آئی پی وارڈ میں داخل کیا گیا ہے اور ڈاکٹرز کی جانب سے انہیں پرہیزی کھانا کھانے کی ہدایت کی گئی ہے۔