شریف خاندان کی سزا کیخلاف سماعت کرنے والا بینچ پھر تبدیل

اسلام آباد: ایون فیلڈ میں سزا پانے والے سابق وزیراعظم نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کی سزا کی کے خلاف سماعت کرنے والا اسلام آباد ہائی کورٹ کا بینچ پھر تبدیل ہوگیا۔
شریف خاندان کے افراد کی ضمانت کی درخواستوں پر جسٹس عامر فاروق اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب پر مشتمل اسلام آباد ہائی کورٹ کا 2 رکنی بینچ جسٹس عامر فاروق کی موسم گرما کی تعطیلات پر چلے جانے کے باعث تبدیل ہوگیا۔
جسٹس عامر فاروق کے رخصت پر چلے جانے پر رجسٹرار آفس نے نئے بینچ کی تشکیل کے لئے معاملہ چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ کو بھجوا دیا۔ اب نیا بینچ نواز شریف و دیگر کی سزا معطلی کی درخواستوں پر سماعت کرے گا۔
یاد رہے کہ اس سے قبل ان درخواستوں پر سماعت کرنے والے جسٹس محسن اختر کیانی بھی رخصت پر چلے گئے تھے۔