گلگت میں پولیس چوکی پر فائرنگ، 3 اہلکارشہید

گلگت: گلگت بلتستان میں کارگاہ پولیس چوکی پردہشت گردوں حملے میں 3 اہلکارشہید اور2 زخمی ہوگئے جبکہ جوابی کارروائی میں ایک دہشت گرد ہلاک اوردوسرا زخمی ہوگیا۔
اطلاعات کے مطابق گلگت بلتستان میں کارگاہ میں علی الصبح پولیس چوکی پر6 سے 7 دہشت گردوں نے حملہ کیا جس میں 3 اہلکارشہید اور 2 زخمی ہوگئے۔

علاقے کے ایس پی پولیس حسن کے مطابق پولیس کی جوابی کی کارروائی میں ایک دہشت گرد بھی مارا گیا جبکہ دوسرا زخمی ہوگیا۔ اس دیگر ساتھی ہتھیار چھوڑ کرفرارہوگئے۔

دہشت گردوں کی فائرنگ سے شہید پولیس اہلکاروں میں حوالدارفضل الرحمان، کانسٹیبلزنواب خان اورعبدالوکیل شامل ہیں جبکہ کانسٹیبل ذیشان اورضیا شدید زخمی ہوگئے جنھیں اسپتال منتقل کردیا گیا۔

ڈی آئی جی گوہرنفیس کے مطابق جوابی کارروائی میں مارے گئے دہشت گرد کی شناخت کمانڈر خلیل کے نام سے ہوئی ہے جس کے سر کی قیمت 30 لاکھ روپے مقرررتھی۔ یہ دہشت گرد 2013 میں نانگا پربت میں 9 غیرملکی سیاحوں کے قتل سمیت کئی سنگین مقدمات میں مطلوب تھا جبکہ 2013 میں ہی چلاس میں 3 سیکیورٹی اہکاروں کے قتل میں بھی ملوث تھا۔

پولیس کی جوابی کارروائی میں زخمی والے دوسرے دہشت گرد کی شناخت کمانڈرعمر کےنام سے ہوئی ہے۔ دونوں دہشت گردوں کا تعلق دیامر سے ہے۔

پولیس نے جائے وقوع سے شواہد اکٹھے کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔