کراچی کی انسداد دہشتگردی عدالت نے اشتعال انگیز تقریر کیس میں بانی ایم کیو ایم ،خالد مقبول صدیقی، نسرین جلیل اور خوش بخت شجاعت سمیت حیدر عباسی رضوی کو اشتہاری قرار دے دیا۔
کراچی کی انسداد دہشت گردی کی عدالت میں اشتعال انگیز تقریر اور میڈیا ہاؤسز پر حملے کے 2 مقدمات کی سماعت ہوئی جس سلسلے میں ڈاکٹر فاروق ستار، عامر خان، خواجہ اظہار الحسن اور دیگر عدالت میں پیش ہوئے۔
22 اگست کے 2 مقدمات میں ایک ملزم فیصل کی عدم حاضری کے باعث فرد جرم عائد نہیں ہوسکی جس پر عدالت نے ریمارکس دیئے کہ 2سال گزر گئے ہیں ابھی تک فرد جرم عائد نہیں ہوئی، ہر پیشی پر کوئی نہ کوئی غیر حاضر ہوتا ہے، آئندہ سماعت پر فرد جرم عائد کی جائے گی، کوئی غیرحاضر ہوا تو اسکےوارنٹ گرفتاری جاری ہوں گے۔
عدالت نے اشتعال انگیز تقریر اور میڈیا ہاؤسز پر حملے کے 2 مقدمات میں خالد مقبول صدیقی، خوش بخت شجاعت، حیدر عباسی رضوی اور نسرین جلیل سمیت دیگر کو اشتہاری قرار دے دیا جب کہ کیس کی مزید سماعت بغیر کسی کارروائی کے 8 ستمبر تک ملتوی کردی۔