اسلام آباد: پاکستان سے تعلق رکھنے والے ایک یہودی شخص نے اسرائیل جانے کی خواہش کا اظہار کیا ہے اور اس کے لئے پاکستان کی اہم سیاسی اور مقتدر شخصیات سے اپیل بھی کی ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق کراچی سے تعلق رکھنے والے فشل خالد نے اپنے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر اکاؤنٹ سے ملک کی اہم شخصیات کے نام ٹویٹ کیا ہے۔ جس میں اپیل کی ہے کہ انھیں پاکستان پاسپورٹ پر مقبوضہ بیت المقدس جانے کی اجازت دی جائے ۔ خالد نے ٹویٹ میں اپنے پاسپورٹ کی کاپی بھی جاری کی ہے۔ جس میں اس کا یہودی مذہب سے تعلق بھی ظاہر ہوتا ہے۔
خالد نے ٹویٹ پاکستان کے دفترخارجہ کے ترجمان ڈاکٹر محمد فیصل، چیئرمین تحریک انصاف عمران خان، فواد چوہدری، ن لیگ کی رہنما مریم نواز، پیپلزپارٹی کے سربراہ بلاول بھٹو زرداری، پاکستان فوج کی شعبہ تعلقات عامہ کے سربراہ میجر جنرل آصف غفور اور متعدد دیگر افراد کے نام بھیجا ہے۔
خالد کی اسرائیل جانے کی خواہش دفترخارجہ کے ترجمان محمد فیصل نے ردعمل دیتے ہوئے بتایا کہ ایک پاکستانی شہری ہونے کے ناطے وہ اس بارے میں متعلقہ وزارت کو باضابطہ درخواست دے سکتے ہیں اور اس کے بعد ان کی درخواست پر قانون کے مطابق فیصلہ کیا جائے گا۔
انھوں نے کہا پاکستان کے پاسپورٹ پر اسرائیل کا سفر نہیں کیا جاسکتا لیکن اس کے باوجود وہ پاکستان کی وزارت داخلہ کو درخواست دے سکتے ہیں وہ کیا چاہتے ہیں اور اس کے بعد قانون کے مطابق فیصلہ کیا جائے گا۔