اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان فواد چوہدری نے کہا کہ عمران خان میانوالی کی نشست رکھیں گے جبکہ باقی 4 نشستیں چھوڑدیں گے۔
فواد چوہدری نے بنی گالہ کے باہرمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی حلف برداری کی تقریب میں تمام جماعتوں کے پارلیمانی لیڈرز کو دعوت دی جائیگی۔ شہبازشریف ، بلاول بھٹواورخورشید شاہ کو بھی دعوت دی جائے گی۔
انھوں نے کہا کہ پارلیمان کو مضبوط بنانے کیلئے اپوزیشن کو ساتھ لے کر چلیں گے، اپوزیشن کے جو بھی مطالبات ہیں ان پرغورو فکر کیاجائیگا، اس حوالے سے عمران خان بھی کہہ چکے ہیں اپوزیشن کی ہرڈیمانڈ پرغورکیا جائے گا۔
فواد چوہدری نے کہا کہ ڈپٹی اسپیکرکاعہدہ پاکستان تحریک انصاف کے پاس رہے گا ، ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی کیلئے 3 نام فائنل کرلئے ہیں ۔ کل تک ڈپٹی اسپیکرکے لیے نام فائنل کردیا جائے گا،وزیراعظم کے انتخاب میں ہم 180 سے زیادہ ووٹ لیں گے۔
انہوں نے کہا کہ جمہوریت میں سب سے اہم ادارہ پارلیمنٹ ہے،وزیراعظم خود ایوان کوایک گھنٹے کے لیے جواب دیا کریں گے، پاکستان کو اس وقت سب سے بڑا چیلنج معیشت کا ہے، سب سے پہلا ٹارگٹ معیشت اورروزگار کے مواقع پیدا کرنا ہے،اس حوالے سے اسد عمر مختلف مالیاتی اداروں سے بات چیت کررہے ہیں
ایک سوال پرانھوں نے کہا کہ عمران خان کی رہائش گاہ سے متعلق سیکیورٹی ایشوز ہیں ، سیکیورٹی سے متعلق رپورٹ آنے کے بعد بتایا جائے گا کہ وہ کہاں رہیں گے، وزیراعظم ہاؤس ، گورنرہاؤسز، چیف سیکریٹری ہاؤسزکے اخراجات میں کمی کی جائیگی۔
ترجمان پی ٹی آئی نے کہا کہ پنجاب اسمبلی کااجلاس 15اگست کو ہوگا جبکہ پی ٹی آئی کی پنجاب پارلیمانی پارٹی کا اجلاس لاہورمیں 14 اگست کی شام بلایا گیا ہے، آج بھی وزیراعلیٰ پنجاب کے نام پرمشاورت ہوئی ہے، وزیراعلیٰ پنجاب کا اعلان بھی جلد کردیا جائے گا۔