اسلام آباد:تحریک انصاف نے عمران اسماعیل کو گورنر سندھ بنانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے عمران اسماعیل کو گورنر سندھ بنانے کی منظوری دے دی ہے۔
عام انتخابات میں تحریک انصاف کو اکثریت سے کامیابی ملنے کے بعد صوبوں کے گورنرز کی تبدیلی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز تحریک انصاف نے چوہدری محمد سرور کو گورنر پنجاب بنانے کی منظوری دی تھی اوراب گورنر سندھ کے لئے عمران اسماعیل کی بھی منظوری دے دی گئی ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کے اعلامیے کے مطابق عمران اسماعیل کو گورنر سندھ بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کی پارٹی چیئرمین عمران خان نے باضابطہ منظوری دے دی ہے۔
یاد رہے کہ عمران اسماعیل پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کے قریبی ساتھی سمجھے جاتے ہیں اوروہ عام انتخابات میں پی ایس111 ڈیفنس کی نشست سے رکن سندھ اسمبلی منتخب ہوئے تھے تاہم اب گورنر سندھ بننے کی صورت میں انہیں یہ نشست چھوڑنا پڑے گی۔
عمران اسماعیل 1966 میں کراچی میں پیدا ہوئے اورابتدائی تعلیم کنٹونمنٹ پبلک اسکول سے حاصل کی جس کے بعد انہوں نے گورنمنٹ نیشنل کالج سے گریجویشن کیا تھا۔