لاہور:پی ٹی آئی کے سینئر رہنما جہانگیر ترین نے دعویٰ کیا ہے کہ مسلم لیگ ن کے کئی ارکان ہمارے امیدواروں کو ووٹ دیں گے۔
لاہور میں تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین اور علیم خان نے مسلم لیگ (ق) کے رہنما چوہدری پرویز الٰہی سے ملاقات کی۔
ملاقات میں پنجاب اسمبلی میں اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتےہوئے تحریک انصاف کےرہنما جہانگیر ترین کا کہناتھاکہ ن لیگ کے بیشتر لوگوں سے ہماری بات چل رہی ہے اور ان کے کئی ارکان ہمارے امیدواروں کو ووٹ دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ شریف برادران نے اداروں کو کھوکھلاکردیا ہے، نیا قانون بنا کر بلدیاتی نظام لائیں گے اور نچلی سطح پر فنڈز کی تقسیم کا طریقہ بنائیں گےاوراداروں کو مضبوط کریں گے۔
اس موقع پر چوہدری پرویز الٰہی نے کہاکہ 10 سالوں میں شہباز شریف نے پنجاب کا بیڑا غرق کیا ہے شہباز شریف نے شیخ چلی کی طرح منصوبے بنائے جو دیرپا نہیں، قومی اور صوبائی مفاد میں قانون سازی کرنا ہمارا ٹارگٹ ہے۔