ٹیلیفونک گفتگو کے دوران شاہ سلمان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب پاکستان کی نئی حکومت کے ساتھ نہایت قریبی اورمتحریک تعلقات کا خواہاں ہے۔
پی ٹی آئی میڈیا سیل کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ٹیلی فونک گفتگو کے دوران شاہ سلمان نے نئی حکومت کے لئے نیک تمناؤں اور خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان، سعودی عرب کی نظر میں نہایت اہمیت کا حامل ہے۔
ان کا کہنا تھا پاکستان کے عوام نے عمران خان پراعتماد کا اظہارکیا ہے جبکہ سعودی عرب نئی حکومت کے ساتھ نہایت قریبی اور متحریک تعلقات کا خواہاں ہے۔
عمران خان نے سعودی فرمانروا کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب، پاکستان کا ایسا دوست ہے جس نے ہمیشہ مشکل میں ہمارا ساتھ دیا۔
انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کی سیکیورٹی کو نہایت اہمیت کا حامل سمجھتے ہیں۔ حرمین شریفین کا تحفظ ہمارے عقیدے کا حصہ ہے۔
شاہ سلمان کی جانب سے چیئرمین تحریک انصاف کو سعودی عرب کے دورے کی دعوت دی گئی جسے انہوں نے قبول کرلیا۔
اس موقع پرعمران خان نے سعودی فرمانروا کو بھی پاکستان کے دورے کی دعوت دی۔