تنخواہوں کی عدم ادائیگی کیخلاف کے ایم ڈی سی کے اساتذہ کااحتجاج

کراچی : تنخواہوں کی عدم ادائیگی اور طلبا کو بنیادی سہولتوں کی عدم فراہمی پرکراچی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کے اساتذہ نے احتجاج کیا۔
اساتذہ کے مطابق عباسی شہید اسپتال کے ڈاکٹرز کو تو تنخواہیں باقاعدگی سے مل رہی ہیں لیکن ڈاکٹر بنانے والے اساتذہ تنخواہوں سے محروم ہیں اور کسی کو ان سے کوئی دلچسپی نہیں ہے روزانہ ان کی پریشانیوں میں اضافہ ہورہا ہے۔
انہوں نے بتایاکہ گزشتہ تین ماہ سے تنخواہوں کی ادائیگی نہیں ہوسکی ہےجبکہ عیدالفطر کے موقع پر بھی تنخواہیں جاری نہیں ہو سکیں تھیں اور اساتذہ نے بغیر تنخواہوں کے عید گزاری لیکن اب عید قرباں میں بھی یہی صورتحال ہے۔
دوسری جانب کالج کے دو بڑے ہال جہاں طلبہ کے لیکچرز ہوتے ہیں، وہاں طلبہ کو سخت گرمی اور حبس کا سامنا ہے جب کہ 250 طلبہ کیلئے مختص ہال کے سارے اے سی گزشتہ کئی ماہ سے خراب ہیں اور پیڈسٹل فین طلبہ کیلئے تکلیف کا باعث ہیں۔