لاہور: امیرجماعت اسلامی سراج الحق نے مسلم لیگ (ن) اورپیپلزپارٹی کے احتجاج کا حصہ نہ بننے کا اعلان کردیا ہے اور کہا ہے کہ وہ ن لیگ اور پیپلزپارٹی سے ڈکٹیشن نہیں لیں گے ۔
لاہورمیں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے امیرجماعت اسلامی سراج الحق کا کہنا تھا کہ کاش مسلم لیگ (ن) اورپیپلزپارٹی ملک کے نظام کو بہتر بناتیں ، جماعت اسلامی اپنی وکٹ پر کھیلے گی اورہم مسلم لیگ (ن) اورپیپلزپارٹی کے احتجاج کا حصہ نہیں بنیں گے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ متحدہ مجلس صرف الیکشن کے لئے نہیں بلکہ تمام معاملات پرساتھ ہے، ہمارا مطالبہ ہے کہ احتساب سب کا ہو اور پاناما پیپرزمیں شامل 4 سو سے زائد افراد کا احتساب کیا جائے، اسمبلیوں میں موجود ہمارے ساتھی ملک وقوم کے لئے موثرکرداراداکریں گے، اگر کوئی کارروائی نہ کی گئی تو اگلا قدم بھی اٹھاسکتے ہیں۔
سراج الحق کا مزید کہنا تھا کہ ہماری انتخابی مہم اس طرح نہیں چل سکی جس طرح چلنا چاہیئے تھی، ریاستی اداروں نے امن قائم کرنے کے لئے بہت اچھا کام کیا ہے، آج عوام کو اسپتالوں میں علاج اوردرسگاہوں میں تعلیم نہیں ملتی ۔