پیرس: فرانس کے ایک پارک میں کچرا اُٹھانے کا کام تربیت یافتہ پرندوں سے لیا جائے گا۔بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق فرانس میں پارک سے کچرا اُٹھانے کے لیے ایک انوکھا اور دلچسپ طریقہ اختیار کیا جا رہا ہے۔ پارک انتظامیہ نے اس تھکا دینے والے کام کے لیے 6 کوؤں کو خصوصی تربیت دی ہے جو پورے پارک کا چکر لگاتے رہیں اور سگریٹ کے ٹکڑے، تھیلیاں اور دیگر چھوٹی اشیا کو چونچ میں دبا کر ایک ٹوکری میں جمع کرتے رہیں گے۔
فرانس کے معروف پارک پوئے دو فو کی انتظامیہ نے ماہرین کی مدد سے اس کام کے لیے 6 کلاغ سیاہ (کوئے کی ایک قسم) کو تربیت دی ہے جن میں ایک کوا آج اپنی ذمہ داریاں سنبھال لے گا جب کہ دیگر 5 کوے کل سے اپنے اپنے کام سے لگ جائیں گے۔ اس کے عوض پارک کی انتظامیہ کوؤں کو انعام کے طور پر گوشت کے ٹکڑے دے گی۔
پارک انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد صرف پارک کو صاف ستھرا رکھنا ہی نہیں ہے بلکہ لوگوں کو فطرت کے نظام سے آگاہی فراہم کرنا ہے تاکہ وہ فطرت کے مظاہر سے سیکھیں کہ ماحول کا خیال کس طرح رکھا جاسکتا ہے، ہم اپنے ارد گرد موجود مخلوق اور چیزوں سے مدد حاصل کرسکتے ہیں اور اس سے کافی مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں۔