پی ٹی آئی نےنومنتخب رکن صوبائی اسمبلی عمران علی شاہ کوشوکازنوٹس بھیج دیا

کراچی : پاکستان تحریک انصاف نے نومنتخب رکن صوبائی اسمبلی سے شہری پر تشدد سے متعلق 24 گھنٹے میں وضاحت طلب کرتے ہوئے اظہار وجوہ کا نوٹس بھیج دیا ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے اپنے رہنما کو بھیجے گئے نوٹس میں کہا گیا کہ اگر عمران علی شاہ نے وضاحت پیش نہ کی تو معاملہ انضباطی کمیٹی کے حوالے کیا جائے گا۔
دوسری جانب عمران علی شاہ نے اپنے وضاحتی بیان میں کہا کہ میں غیر مشروط طور پر معافی مانگتا ہوں، دراصل وہ شہری ایک اور گاڑی والے کو مسلسل تنگ کر رہا تھا، میں نے گاڑی روک کر اسے ایسا کرنے سے منع کیا، گاڑی والا مجھے گالیاں دے رہا تھا جب کہ میں نے مارا نہیں اسے دھکا دیا۔
واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اورکراچی سے نومنتخب ممبر صوبائی اسمبلی عمران علی شاہ کی شہری کی پٹائی کرتے کی ویڈیو وائرل ہو گئی ۔ویڈیو میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ عمران علی شاہ نیشنل اسٹیڈیم کے قریب اپنی گاڑی سے اترتے ہیں اور ایک شہری پر تھپڑوں کی بارش کر دیتے ہیں جس کے بعد وہ اپنی گاڑی میں بیٹھ کر وہاں سے روانہ ہو جاتے ہیں۔