اسپیکر کا انتخاب خفیہ رائے شماری کے تحت ہی ہوتا ہے۔ سیکریٹری سندھ اسمبلی

کراچی:سیکریٹری سندھ اسمبلی عمر فاروق برڑو نے سندھ اسمبلی کے اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب کے طریقہ کار کیخلاف دائر کی گئی درخواست کو مسترد کردیا ہے۔
سیکریٹری سندھ اسمبلی کا کہنا ہے کہ اسمبلی کے قواعد کے تحت اسپیکر ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب خفیہ رائے شماری کے تحت ہی ہوتا ہے لہذا رکن اسمبلی کی درخواست پر عمل درآمد قانونی طور پر ممکن نہیں ہے۔
اس سے قبل تحریک انصاف نے سندھ اسمبلی کے اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب کے طریقہ کار پر اعتراض اُٹھا دیاتھااور پی ٹی آئی کے نو منتخب رکن سندھ اسمبلی جمال صدیقی نے سیکریٹری سندھ اسمبلی عمر فاروق برڑو کے پاس درخواست جمع کرادی تھی۔
جمال صدیقی نےاپنی درخواست میں موقف اختیار کیا کہ ایک ایوان میں قائد ایوان کے انتخاب کے لئے علیحدہ طریقہ کار جبکہ اسپیکر ڈپٹی اسپیکر کے الیکشن میں الگ طریقہ کار اپنایا گیا ، ایسا کیوں ہے۔
انہوں نے مطالبہ کیا تھا کہ اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب میں اوپن بیلٹنگ ہونی چاہئے خفیہ رائے شماری پر ہمیں اعتراض ہے۔