واشنگٹن: امریکا میں کام کرنے والے ہونڈوراس کے باشندے نے مجبوراً خود کو مردہ ظاہر کردیا کیونکہ اس کی بیوی بار بار اس سے رقم کا تقاضا کررہی تھی۔
ڈینی گونزیلس نے اس واقعے کے بعد رپورٹروں کو بتایا کہ اس کی شادی کو صرف 2 برس ہوئے ہیں اور اس کی بیگم ہر ہفتے فون کرکےاس سے خطیر رقم کا تقاضا کررہی تھیں۔ مسلسل رقم بھیج کر وہ انتہائی پریشان ہوگیا اور مجبوری میں یہ تمام سلسلہ روکنے کا ایک عجیب منصوبہ تیار کیا۔اس نے ناک کےنتھنوں میں روئی کے پھوئے بھرے اور اپنا منہ سفید شیٹ سے چھپالیا۔ اس کی تصویر لےکر اس نے اپنی بیگم کو بھیج دی اور مرنے کی وجہ کینسر اور دمہ تحریر کردی۔
پھر یہ ہوا کہ اس کی بیوی نے وہ تصاویر ایک مقامی ٹی وی چینل کو فراہم کردیں جو ٹی وی پر نشر بھی ہوگئیں۔ ڈینی کے سارے عزیزوں اور رشتے داروں میں یہ خبر آگ کی طرح پھیلی جن میں اس کی والدہ بھی شامل تھی۔لیکن سوشل میڈیا پر جاری تصاویر پر لوگوں نے شکوک کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ منہ پر لگی سفید پٹی حقیقت میں تکیے کا غلاف ہے۔ لوگوں نے اس کی موت کو جعلی قرار دینا شروع کردیا۔
کچھ دنوں بعد یہ بھانڈا پھوٹ گیا اور ڈینی نے اعتراف کیا کہ اپنی بیوی کی وجہ سے اس نے یہ ڈرامہ رچایا تھا۔ تاہم ڈینی کے والدین اس سے شدید خفا ہیں کہ اس نے اپنے مرنے کی خبر دے کر اپنے ہی اہلِ خانہ کو انتہائی افسردہ اور پریشان کیے رکھا۔