کراچی: تحریک انصاف کے نومنتخب رکن صوبائی اسمبلی عمران علی شاہ کے ہاتھوں تشدد کا نشانہ بننے والے شہری نے انہیں معاف کردیا ۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں پی ٹی آئی کے ایم پی اے ڈاکٹر عمران کی جانب سے اپنے گارڈ سے مل کر ایک شہری پرتشدد کا واقعہ پیش آیا، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد پی ٹی آئی رہنماؤں نے اس کا سختی سے نوٹس لیا اور ایم پی اے کو شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے 24گھنٹوں میں جواب طلب کرلیا۔
بعد ازاں پی ٹی آئی کراچی کے صدر کی ہدایت پر ڈاکٹرعمران متاثرہ شہری داؤد چوہان کے گھرجا پہنچے، ڈاکٹر عمران شاہ نے واقعے پر متاثرہ شہری سے غیر مشروط معافی مانگ لی، جس پر شہری داؤد چوہان نے ڈاکٹرعمران شاہ کومعاف کردیا۔
اس موقع پرفردوس شمیم نقوی بھی ڈاکٹر عمران علی شاہ کے ساتھ موجود تھے، شہری سے معافی کی ویڈیو بھی ڈاکٹر عمران شاہ نے اپنے ٹوئٹر پر شیئر کردی ہے۔
اس سے قبل نامزد گورنر سندھ عمران اسماعیل نے بھی داؤد چوہان کو ٹیلی فون کیا اور واقعے پر ندامت کا اظہار کرتے ہوئے پارٹی کی طرف سے معذرت کی۔
عمران اسماعیل نے شہری کو یقین دلاتے ہوئے کہا کہ آئندہ اس قسم کاواقعہ نہیں ہوگا، عمران علی شاہ کو شوکازنوٹس جاری کردیا گیا ہے، تشدد کے واقعےکی انکوائری ہورہی ہے اور چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے بھی واقعے کا سختی سے نوٹس لیا ہے۔