ترجمان تحریک انصاف فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ قائداعظم کی روایت قائم رکھتے ہوئے عمران خان بھی شیروانی پہن کر حلف اٹھائیں گے۔
پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان 18 اگست کو قومی اسمبلی سے وزیراعظم منتخب ہونے کے بعد حلف اٹھائیں گے۔اس سلسلے میں پی ٹی آئی کے ترجمان فواد چوہدری نے آگاہ کیا ہے کہ شیروانی پہن کر حلف اٹھانا روایت ہے،قائد اعظم نے بھی شیروانی میں حلف اٹھایا تھا، عمران خان بھی شیروانی پہن کر حلف اٹھائیں گے۔
فواد چوہدری سے ایک صحافی نے سوال کیا کہ عمران خان وزیر اعظم کے عہدے کے لئے حلف برداری کی تقریب میں جو شیروانی پہنیں گے، آیا وہ سل چکی ہے یا نہیں ؟ تو انہوں نے جواب دیا کہ ابھی نہیں بتا سکتا کہ شیروانی سل چکی یا نہیں۔
فواد چوہدری نے نوازشریف کے خلاف نیب ریفرنسز کی سماعت کے دوران احتساب عدالت کے اندر اور باہر(ن) لیگ کے رہنماؤں اورکارکنوں کی بڑی تعداد کی موجودگی پرتنقید کا نشانہ بنایا۔
انہوں نے کہا کہ یہ نہیں ہوسکتا کہ آپ سیکڑوں لوگوں کوعدالت بھجوادیں، جوعدالت اٹینڈ کرنا چاہتے ہیں ان کی فہرست دی جانی چاہیے، (ن) لیگ کا یہی رویہ رہا تو نوازشریف کے جیل ٹرائل کے فیصلے پر نظرثانی کی جاسکتی ہے۔