کراچی: پیپلز پارٹی کے رکن سندھ اسمبلی آغا سراج درانی اسپیکر جبکہ ریحانہ لغاری ڈپٹی اسپیکر منتخب ہوگئیں۔ آغا سراج نے دوسری بار اسپیکر کے عہدے کا حلف اٹھایا۔
سندھ اسمبلی کا اجلاس پریزائیڈنگ افسر اور پی پی رکن نادر مگسی کی صدارت میں ہوا جس میں اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب شو آف ہینڈ کے ذریعے ہوا۔
پیپلز پارٹی کی جانب سے اسپیکر کے لیے آغا سراج درانی کامیاب ہوگئے ، ایوان میں کل 158 ووٹ ڈالے گئے جن میں سے آغا سراج درانی نے 96 ووٹ لیے جب کہ متحدہ اپوزیشن کے امیدوار جاوید حنیف کے حصے میں 58 ووٹ آئے۔
آغا سراج درانی نے اپنے منصب کا حلف اٹھالیا، پریزائیڈنگ افسر نادر مگسی نے نومنتخب اسپیکر سے حلف لیا۔
حلف اٹھانے کے بعد نومنتخب اسپیکر نے ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب کا اعلان کیا جس میں پیپلزپارٹی کی امیدوار ریحانہ لغاری کامیاب ہوگئیں جب کہ متحدہ اپوزیشن کی امیدوار رابعہ اظفر ناکام ہوگئیں۔
پیپلزپارٹی کی امیدوار ریحانہ لغاری نے 98 ووٹ حاصل کیے اور اپوزیشن کی امیدوار رابعہ اظفر59 ووٹ حاصل کرسکیں۔
نومنتخب اسپیکر آغا سراج درانی نے ڈپٹی اسپیکر منتخب ہونے والی ریحانہ لغاری سے حلف لیا۔
سندھ اسمبلی کا ایوان کُل 168 ارکان پر مشتمل ہے جس میں سے 163 ارکان نے ووٹ کاسٹ کرنا تھا تاہم تحریک لبیک کے تین ارکان نے ووٹ کاسٹ نہیں کیے۔
سندھ اسمبلی کے ایم پی اے سیماء ضیاء بیرون ملک جب کہ شاہانہ اشعر نے علالت کے باعث تاحال حلف نہیں اٹھایا، اسی طرح رزاق راہمو کی کامیابی کا نوٹیفیکشن تاحال جاری نہیں ہوا۔
پی ایس87 پر تحریک لبیک پاکستان کے امیدوار کے انتقال کے باعث انتخاب ملتوی کیا گیا تھا جب کہ پیر فضل شاہ نے صوبائی اسمبلی کی نشست چھوڑ کر قومی اسمبلی سے حلف اٹھایا جس کے بعد ان کی نشست خالی ہے۔