پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کا کہنا تھا کہ نوازشریف جلد جیل سے باہر ہوں گے اور امید ہے نواز شریف اور ان کی صاحبزادی عید اپنے لوگوں کے درمیان منائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے قومی اسمبلی کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن میں دھاندلی کیخلاف صدائے احتجاج بلند کیا، 3 مرتبہ منتخب وزیراعظم کو جیل بھیجا گیا۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ آج بھی ہم اپنے قائد کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے احتجاج ریکارڈ کرایا، آج اپیلٹ کورٹ میں اپیل دوبارہ سنی جائے گی۔
صدر مسلم لیگ ن نے کہا چترال سے لیکر کراچی تک پوری قوم نوازشریف کے ساتھ ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ نوازشریف سےعدالت میں ملاقات کی ہے انہوں نے 14 اگست کی مبارکباد دی ہے جب کہ نوازشریف جلد جیل سے باہر ہوں گے اور امید ہے نواز شریف اور ان کی صاحبزادی عید اپنے لوگوں کے درمیان منائیں گے۔
شہباز شریف نے کہا کہ نوازشریف کو جن مقدمات میں سزا سنائی گئی اس کے صفحہ 171 پر بے گناہی لکھی گئی ہے جب کہ ٹرائل کورٹ نے نوازشریف اور مریم نواز کو کریشن کیس سے کلیئر کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دھاندلی زدہ الیکشن کو سامنے لائیں گے، دھاندلی زدہ الیکشن پر تمام لوگ اعتراض کر رہے ہیں اور پورا پاکستان سراپا احتجاج ہے جب کہ ہم ایوان میں تاریخی کردار اداکریں گے۔
شہباز شریف نے کہا کہ متنازع اور دھاندلی شدہ الیکشن پر پارلیمنٹ کے اندر اور باہر بھرپور احتجاج کریں گے، الیکشن کمیشن اپنے فرائض انجام دینے میں بری طرح ناکام رہا، ہم الیکشن کو تحفظ دینے پارلیمنٹ نہیں آئے، ہم جمہوریت کی خاطر پارلیمنٹ آئے ہیں اور اپنا احتجاج ریکارڈ کروائیں گے۔