اسلام آباد:قومی اسمبلی میں سپیکر کے انتخاب کیلئے پولنگ کا عمل جاری ہے جس دوران چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کا نام پکارا گیا اور وہ ووٹ ڈالنے کیلئے گئے تو آگے جا کر پتا چلا کہ وہ اپنا شناختی کارڈ بھی گھر بھول آئے ہیں جس پر عمران خان نے اسپیکر ایاز صادق سے اجازت طلب کی ، اسپیکر ایاز صادق نے پولنگ ایجنٹس کی رضامندی سے عمران خان کو ووٹ کاسٹ کرنے کی اجازت دی ۔
عمران خان نے ووٹ کاسٹ کرنے کے بعد اسپیکر سے ہاتھ نہیں ملایا، صرف سر کے اشارے سے سلام دعا کی۔
اس موقع پر عمران خان کے بغیر شناختی کارڈ ووٹ ڈالنے پر پیپلز پارٹی کے عبدالقادر پٹیل نے اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ عمران نیازی کےپاس کارڈ نہیں تھا انہیں اجازت دی گئی، تمام ارکان برابر ہیں سب سے یکساں سلوک ہونا چاہیے۔
انہوں نے بتایا کہ جب ان کے پاس شناختی کارڈ نہیں تھا تو اسٹاف نے کہاکہ کارڈ لائیں یا دوبارہ اسمبلی کارڈ بنوا کر لائیں۔
اس اعتراض پر اسپیکر ایاز صادق نے جواب دیا کہ عمران خان نے پوچھا تھا تو میں نے اجازت دے دی، عبدالقادر پٹیل نےپوچھا نہیں،اگر وہ بھی پوچھ لیتے تو اجازت مل جاتی۔