اسلام آباد: پیپلزپارٹی کے رہنما خورشید شاہ کا کہنا ہے ملک میں جمہوریت شہید بے نظیر بھٹوکی شہادت کی وجہ سے ہے، بھرپور کوشش ہوگی جمہوریت کی مضبوطی کے لئے اقدامات کریں گے،جو قانون سازی پاکستان اور عوام کے لیے ہوگی اس میں رکاوٹ نہیں بنیں گے اور بلاول کی لیڈرشپ میں اپوزیشن کا مکمل کردار ادا کریں گے۔
قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے پیپلزپارٹی کے رہنما خورشید شاہ نے پی ٹی آئی کے اسد قیصر کو اسپیکر قومی اسمبلی منتخب ہونے مبارک دیتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن کی کوشش ہوگی پارلیمنٹ کا تقدس بحال رکھے۔
رہنما پی پی پی خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ ملک میں جمہوریت شہید بے نظیر بھٹوکی شہادت کی وجہ سے ہے، بے نظیر بھٹو شہید کی قربانی رائیگاں نہ جانے دیں۔
ان کا کہنا تھا کہ بھرپور کوشش ہوگی جمہوریت کی مضبوطی کے لئے اقدامات کریں گے، ہمارے قائدین نے پارلیمنٹ کے تقدس کے لئے جانیں قربان کیں۔
سابق قائد حزب اختلاف خورشید شاہ نے کہا کہ سابق اسپیکر ایازصادق کا ذکر نہ کروں تو یہ زیادتی ہوگی، سردار ایاز صادق کے کردار کی تعریف کرتا ہوں۔
پیپلز پارٹی کے رہنما نے مؤقف اختیار کیا کہ ماضی میں بھی کوشش کی گئی پارلیمنٹ مدت پوری نہ کرسکے، کوشش ہوگی پاکستان، آئین اور قانون کے لیے کام کریں، دعا ہے موجودہ پارلیمنٹ بھی اپنے 5 سال پورے کرے۔
سابق قائد حزب اختلاف خورشید شاہ کا مزید کہنا تھا کہ جو لوگ منتخب ہو کر آئے کوشش ہوگی انہیں موقع دیں، بلاول بھٹو کی قیادت میں بھرپور اپوزیشن کا کردار ادا کریں گے، بھرپور اپوزیشن کا کردار ہمارا آئینی اور جمہوری حق ہے۔
سابق اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ 2013میں پاکستان کی پہلی جمہوری حکومت نے دوسری حکومت کو اقتدار منتقل کیا۔
انہوں نے کہا کہ نوازشریف کاشکریہ اداکرتاہوں جنھوں نےمجھے اسپیکرمنتخب کیا،آصف زرداری کاشکریہ ادا کرتاہوں کہ انھوں نے مجھے اسپیکر شپ کےووٹ دیے۔
ایاز صادق نے کہا کہ جعلی اسپیکرکی آوازیں سنیں،میرانام لیکرکہاگیاکہ نہیں مانتے،جب یہ کہاگیاکہ پارلیمنٹ میں چوربیٹھے ہیں توہررکن پارلیمنٹ کادل دکھا،میں یہ چاہوں گاکہ سیاسی اختلاف ایک طرف لیکن ایک دوسرےکی عزت کریں۔
اس کے بعدرہنما پی ٹی آئی شاہ محمود قریشی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خورشید شاہ نے فراخ دلی سے نتیجہ قبول کیا۔پارلیمنٹ کو تسلیم کرنا جمہوریت کے تسلسل کیلیے ضروری ہے ،ایاز صادق نے 5سال احسن طریقے سے اسمبلی کی کارروائی چلائی ،ایوان کے تقدس کو پروان چڑھانے کیلیے ان رویوں کو اپناناہوگا۔