عمران خان کے نااہلی کیس کی سماعت کیلئے لارجربینچ تشکیل

اسلام آباد: تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی نااہلی کیس کی سماعت کے لیے جسٹس شوکت عزیز صدیقی کی سربراہی میں لارجر بینچ تشکیل دے دیا گیابینچ کے دوسرے رکن جسٹس اطہر من اللہ ہیں۔
۔ جسٹس شوکت عزیز صدیقی کی سربراہی میں دو رکنی بینچ کل کیس کی سماعت کرے گا۔ عمران خان نااہلی کیس کی سماعت کے لئے اسلام آباد ہائیکورٹ کا لارجر بینچ تشکیل دے دیا گیا ہے۔
دو رکنی بینچ شہدا فاوٴنڈیشن کے حافظ احتشام احمد اور پاکستان جسٹس اینڈ ڈیمو کریٹک پارٹی کی جانب سے دائر پٹیشنز کی سماعت کرے گا۔ ہائی کورٹ کا بینچ چیئرمین پی ٹی آئی کو وزارت عظمی کے انتخاب میں حصہ لینے سے روکنے کے لئے متفرق درخواست کی سماعت بھی کرے گا۔
درخواست گزاروں کا موقف ہے کہ عمران خان نے اپنی بیٹی ٹیریان سے متعلق جھوٹ بولا لہذا وہ صادق و امین نہیں رہے، آئین کے آرٹیکل 62 کے تحت وہ رکن قومی اسمبلی بننے کے اہل نہیں، انہیں وزیراعظم بننے سے روکا جائے۔
واضح رہے کہ پہلے یہ کیس جسٹس شوکت صدیقی کے پاس ہی تھا جن کے ساتھ جسٹس عامر فاروق بنچ میں شامل تھے۔ تاہم 29 جولائی کو بینچ سے جسٹس شوکت عزیز صدیقی کو علیحدہ کرکے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب کو شامل کیا گیا۔ مگر پھر یکم اگست کو جسٹس عامر فاروق اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب دونوں نے سماعت سے معذرت کر لی تھی۔