کراچی:غیر ملکی خاتون کے پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز کے طیارے میں پاکستانی پرچم کے ساتھ رقص کے معاملے پر سینیٹ میں توجہ دلاؤ نوٹس جمع کرادیا گیا۔
توجہ دلاؤ نوٹس سینیٹر عتیق شیخ نے جمع کرایا۔ توجہ دلاؤ نوٹس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ غیر ملکی خاتون کا طیارے میں رقص سیکیورٹی انتظامات پرسوالیہ نشان ہے، ویڈیو سے ظاہر ہے کہ غیرملکی خاتون پی آئی اے کے دو طیاروں میں داخل ہوئی۔
توجہ دلاؤ نوٹس میں کہا گیا ہے کہ یہ پی آئی اے اور سول ایوی ایشن انتظامیہ کی جانب سے سیکیورٹی کی غفلت ہے۔
نوٹس میں حکومت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ ایوان کو بتائے پی آئی اے کے متعلقہ افسر کے خلاف کیا کارروائی ہوئی۔
خیال رہے کہ 13 اگست کو پی آئی اے کے طیارے میں پاکستانی پرچم تھامے غیر ملکی خاتون کی رقص کی ویڈیو وائر ہوئی تھی۔
سوشل میڈیا پر شیئر کی جانے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک خاتون پی آئی اے کے طیارے کے اندر اور باہر رن وے پرکی کی چیلنج کی طرح رقص کر رہی ہے۔
طیارے میں خاتون کے رقص کی ویڈیو کے حوالے سے ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ ویڈیو پارکنگ میں کھڑے طیارے میں فلمائی گئی لیکن اس سے ایئرلائن انتظامیہ کا کوئی تعلق نہیں ہے۔