دیامر:دیامر کے مقامی عمائدین نے اسکول حملوں میں ملوث 15 مبینہ سہولت کاروں کو سیکیورٹی فورسز کے حوالے کردیا۔
دیامر کے سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس پی) محمد اجمل کا کہنا تھا کہ مشتبہ افراد اسکولوں کو جلانے کے واقعے سمیت دیگر دہشت گردی کے واقعات میں مطلوب تھے۔
ایس پی کا کہنا تھا کہ مبینہ ملزمان نے دیامر کے پہاڑوں پر ہونے والے مشترکہ سرچ آپریشن کے دوران خود کو مقامی عمائدین اور پولیس کے حوالے کیا۔
انہوں نے کہا کہ سرچ آپریشن کو مزید ملزمان کی گرفتاری تک جاری رکھا جائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ ملزمان کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
یاد رہے کہ 3 اور 4 اگست کی درمیانی شب گلگت بلتستان میں نامعلوم شرپسندوں نے رات کے اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے لڑکیوں کی تعلیم کے لیے قائم 12 درسگاہوں کو نذر آتش کردیا تھا، بعدِ ازاں 2 مزید اسکولوں کے خاکستر ہونے کی اطلاعات موصول ہوئیں۔
4 اگست کو چیف جسٹس آف پاکستان میاں ثاقب نثار نے دیامر اور چلاس میں دہشت گردوں کی جانب سے اسکولوں کو نذرِ آتش کرنے کے واقعے پرازخود نوٹس لیا تھا۔