نیب نے علی جہانگیر صدیقی کو27 اگست کو طلب کر لیا

 

لاہور:نیب لاہور نے امریکہ میں تعینات پاکستانی سفیر علی جہانگیر صدیقی کو طلب کر لیا ہے،علی جہانگیر صدیقی کو نیب کی جانب سے بھیجے گئے نوٹس میں کہا گیا ہے کہ وہ آمدن سے زائد اثاثے بنانے کے کیس میں 27 اگست کو ذاتی طور پر پیش ہو کر اپنی پوزیشن واضح کریں، اس کے ساتھ ساتھ انہیں اپنے اثاثہ جات کا مصدقہ ریکارڈ پیش کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔

نجی ٹی وی کے مطابق امریکہ میں تعینات پاکستانی سفیر علی جہانگیر صدیقی کو نیب کی جانب سے بھیجے گئے نوٹس میں کہا گیا ہے کہ ریکارڈ فراہم نہ کرنے کی صورت میں یہ تصور کیا جائے گا کہ ان کے پاس اپنے دفاع کے لیے کوئی مواد موجود نہیں، اس صورت میں ان کے خلاف نیب آرڈیننس کے شیڈول 2 کے تحت کارروائی کی جائے گی۔اس سے قبل رواں برس مارچ میں بھی انہیں نیب طلب کیا گیا تھا،

علی جہانگیر صدیقی پر الزام ہے کہ انہوں نے اپنی کمپنی ایگری ٹیک کے حصص 11 روپے کے حقیقی نرخ کے بجائے 35 روپے میں فروخت کیے جس کی وجہ سے حکومتی اداروں کو 40 ارب روپے کا نقصان برداشت کرنا پڑا۔نیب حکام کے مطابق علی جہانگیر صدیقی پر یہ الزام بھی ہے کہ انہوں نے ایز گارڈ کمپنی کے شیئر ہولڈرز کو بھی اربوں روپے کا نقصان پہنچایا۔