پی ٹی آئی ایم پی اے ملک غلام عباس کو سپرد خاک کردیاگیا

 

اسلام آباد:ملتان کی تحصیل جلالپور پیروالا سے پی پی 222 سے تحریک انصاف کے نومنتخب ایم پی اے ملک غلام عباس کھاکھی کو ان کے آبائی علاقے میں ہزاروں سوگواروں کی موجودگی میں آہوں اور سسکیوں کے درمیان سپرد خاک کر دیا گیا ۔ یاد رہے کہ 1980 سے اپنی سیاسی زندگی کا آغاز کرنے والے مرحوم ملک غلام عباس کھاکھی نے 6 مرتبہ قومی انتخابات میں حصہ لیا لیکن وہ کبھی کامیاب نہ ہو سکے ،2018 میں پہلی مرتبہ وہ تحریک انصاف کے ٹکٹ پر رکن پنجاب اسمبلی منتخب ہوئے تاہم ان کی زندگی نے ہی وفا نہ کی اور وہ الیکشن جیتنے کے 20 روز بعد اسمبلی رکنیت کا حلف اٹھانے سے پہلے ہی خالق حقیقی سے جاملے ۔

تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے نومنتخب ایم پی اے ملک غلام عباس کھاکھی حرکت قلب بند ہو جانے کے باعث انتقال کرگئے تھے۔ ،پنجاب کے صوبائی حلقہ 222 جلالپور پیروالا سے پی ٹی آئی کے نومنتخب ایم پی اے ملک غلام عباس کھاکھی تحریک انصاف کی میٹنگ میں شرکت کیلئے اسلام آباد گئے تھے جہاں انہیں 11 اگست کی رات ہارٹ اٹیک ہوا،

انہیں فوری طور پر مقامی ہسپتال پہنچایا گیا جہاں علاج کے دوران وہ کومہ میں چلے گئے اور چار روز بعد منگل اور بدھ کی درمیانی شب کے پچھلے پہر خالق حقیقی سے جا ملے تھے ۔ملک غلام عباس کھاکھی کو ان کے آبائی گاؤں میں ہزاروں افراد کی موجودگی میں آہوں اور سسکیوں کےساتھ سپرد خاک کر دیا گیا ،ان کی نماز جنازہ میں ہر مکتب فکر اور سیاسی جماعتوں سمیت تحریک انصاف کی مقامی قیادت نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔