اسلام آباد:اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی نااہلی کی درخواست پر سماعت کے لیے تشکیل دیا گیا اسلام آباد ہائیکورٹ کا بینچ پھر ٹوٹ گیا۔
جسٹس اطہر من اللہ نے عمران خان نااہلی کیس سننے سے معذرت کرلی ہے۔چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ کی ہدایت پرعمران خان نااہلی کیس کی سماعت کے لیے جسٹس شوکت عزیز صدیقی کی سربراہی میں 2 رکنی بنچ تشکیل دیا گیا تھا۔ بنچ کے دوسرے رکن جسٹس اطہرمن اللہ تھے تاہم سماعت کے آغاز پر جسٹس اطہر من اللہ نے کیس سننے سے معذرت کرلی۔
جسٹس اطہر من اللہ کا کہنا تھاکہ وہ سابق چیف جسٹس افتخار چوہدری کے ساتھ رہے ہیں اور ان کا ایک تعلق رہا ہے لہٰذا وہ کیس نہیں سن سکتے۔
فاضل جج کی جانب سے معذرت کے بعد اب معاملہ دوبارہ چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ کو بھجوادیا گیا ہے جو نیا بنچ تشکیل دیں گے۔
اس سے قبل گزشتہ روز تحریک انصاف نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے اس دو رکنی بنچ پر اعتراض دائر کرنے کا فیصلہ کیا تھا اور پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ جسٹس شوکت عزیزصدیقی کے تحریک انصاف کے بارے میں تاثرات ٹھیک نہیں جب کہ جسٹس اطہر من اللہ کا تعلق سابق چیف جسٹس افتخار چوہدری سے رہا ہے۔