کراچی:پیپلز پارٹی کے مراد علی شاہ سندھ اور تحریک انصاف کے محمود خان نئے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا منتخب ہوگئے۔
پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے نامزد سابق وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ ایک بار پھر وزیراعلیٰ سندھ منتخب ہوگئے، مراد علی شاہ نے 97 ووٹ حاصل کیے جبکہ مشترکہ اپوزیشن کی جانب سے نامزد امیدوار شہریار مہر نے 61 ووٹ حاصل کیے۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ کے پی کےکے انتخاب کیلئے اسپیکر مشتاق غنی کی زیرصدارت اجلاس ہوا جس میں تحریک انصاف کےمحمود خان نئے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا منتخب ہوگئے۔
انتخاب کرنے کیلئے اراکین کو 2 لابی میں تقسیم کر کے کیا گیا جس کے لیے محمود خان کے حامی اراکین لابی نمبر دو اور متحدہ اپوزیشن کے مشترکہ امیدوار میاں نثار گل کے حامی لابی نمبر ایک میں جمع ہوئےجس کے بعد تمام اراکین اسمبلی کی گنتی کی گئی اور بعد اسپیکر نے محمود خان کی کامیابی کا اعلان کیا۔
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما محمود خان نے77 ووٹ حاصل کیے جب کہ ان کے مدمقابل میاں نثار گل نے 37 ووٹ حاصل کیے۔
نومنتخب وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کل گورنر ہاوس میں منعقدہ تقریب کے دوران اپنے عہدےکا حلف اٹھائیں گے۔